۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
اسلام آباد میں "روز حرمت قرآن و ناموس رسالت" کے عنوان سے احتجاجی ریلی

حوزہ/ علامہ محمد اقبال بہشتی نے کہا کہ اقوام عالم کو دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ دین اسلام کی تضحیک اور امت مسلمہ کی مسلسل کردار کشی شدید تہذیبی تصادم کی راہ ہموار کر رہی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،فرانسیسی جریدے میں خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے متعلق گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور سویڈن میں قرآن پاک جلائے جانے کے روح فرسا واقعات کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماں سمیت کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ”روز حرمت قرآن و ناموس رسالت“ کے عنوان سے ہونے والے احتجاج کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، جن پر اسلام دشمن صیہونی و نصرانی قوتوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

اسلام آباد سے احتجاجی مظاہرے کا آغاز امام بارگاہ اثناء عشری جی سکس ٹو سے ہوا، جس میں مرکزی رہنماوں اور ضلعی عہدیدران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنماء علامہ محمد اقبال بہشتی نے کہا کہ اقوام عالم کو دوہرا معیار ترک کرنا ہوگا۔ دین اسلام کی تضحیک اور امت مسلمہ کی مسلسل کردار کشی شدید تہذیبی تصادم کی راہ ہموار کر رہی ہے۔ جو عالمی طاقتیں مختلف مذاہب کے درمیان نفرت کی آگ بھڑکانے میں مصروف ہیں، ایک دن ان کا اپنا دامن بھی اس آگ سے محفوظ نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ دین اسلام کے مقدسات کی توہین دنیا کے دو ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے مترادف ہے۔ عالم اسلام کو بےبس سمجھنے والے احمق اور عالمی امن کے دشمن ہیں،

انہوں نے کہا کہ فرانس اور سویڈن گستاخی کے مرتکب عناصر کو مجرم قرار دے کر ان کے خلاف فوری کارروائی کا اعلان کریں۔ اسلام کے خلاف مجرمانہ سرگرمیوں کا دفاع کرنے والی ریاستوں سے ہر قسم کے سفارتی و تجارتی تعلقات کا خاتمہ عالم اسلام کی غیرت کا تقاضا ہے۔ ریلی سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .